ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی جے پی دوبارہ اقتدار پر نہیں آئے گی: سدرامیا

بی جے پی دوبارہ اقتدار پر نہیں آئے گی: سدرامیا

Fri, 29 Sep 2017 23:15:50    S.O. News Service

بنگلورو،29؍ستمبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے بی جے پی رکن پارلیمان شوبھا کارند لاجے کے اس بیان پر کہ آئندہ بی جے پی برسر اقتدار آئے گی، شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بتایاکہ وہ دن میں خواب دیکھ رہی ہیں۔ میسور دسہرہ تقریبات میں شرکت سے قبل اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ شوبھا کارند لاجے یہ خواب دیکھ رہی ہیں کہ بی جے پی اقتدار پر آئے گی اور یڈیورپا وزیر اعلیٰ بنیں گے، کیونکہ انہیں بیان دینے کیلئے کوئی بات باقی نہیں رہی ہے۔ ریاست کے عوام بی جے پی کی کالی کرتوتوں سے اچھی طرح واقف ہیں اور جان بوجھ کر ایسی پارٹی کو اقتدار پر نہیں لائیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ پاؤ گڈھ تعلقہ کے ترومنی میں جس طرح سولار پاور پلانٹ قائم ہورہاہے ،اسی طرز پر گدگ میں بھی ایک پلانٹ قائم کیا جائیگا ، جس کے ذریعہ ریاست میں بجلی کی قلت نہیں رہے گی اور ریاست بجلی میں خود کفیل بن سکتا ہے۔انہوں نے بتایاکہ اس مرتبہ اچھی بارش کے سبب تمام ڈیم لبریز ہیں ایسے میں بجلی کی قلت نہیں ہوگی۔ بارش کے سبب کسانوں کو زرعی سرگرمیوں کیلئے درکار تمام تر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ بارش کے سبب جن علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال ہے وہاں کے ڈپٹی کمشنروں سے رابطہ کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کی گئی ہیں۔ عنقریب اس خصوص میں مرکز کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے امداد کی درخواست کی جائے گی۔ سدرامیا نے بتایاکہ عالمی شہرت یافتہ میسور پیالیس کی خستہ حالی سے متعلق عنقریب ماہرین سے رابطہ کرتے ہوئے اس خصوص میں اقدامات کئے جائیں گے اور میسور پیالیس کے تحفظ کیلئے حکومت ہر طرح کی امداد کرنے کیلئے پابند ہے۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ نے اپنے مرحوم فرزند راکیش کے بچوں کے ہمراہ دسہرہ ایر شو کا نظارہ کیا اور بتایاکہ ہر سال دسہرہ کے موقع پر ایر شو کا اہتمام کیا جائے گا اگلے سال اس سے بڑے پیمانے پر ایر شو منعقد ہوگا۔ 


Share: